پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا‘ وزیر خار جہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ منگل کے روز دفتر خارجہ میں آزاد جموںو کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے دفتر کے ہائی کمشنر کی رپورٹ کی سفارش کا خیرمقدم کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا کہاگیاہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کو تمام بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا۔وزیر خارجہ نے وزارت اور بیرون ملک پاکستان مشنز او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ کی اہمیت کو اجاگرکرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو نمایاں کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر رپورٹ کے نتائج کی طرف توجہ مبذول کراتا رہے گا۔ وزیر خارجہ نے اس امر کا اعادہ کیاکہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ سردار مسعود خان نے شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔مسعود خان نے اقوام متحدہ آفس آف ہائی کمشنر فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے نتائج کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر افسوس کااظہار کیا کہ بھارتی قابض افواج کی طرف سے ارتکاب کی جانے والی خلاف ورزی جن کو رپورٹ میں مناسب طورپر اجاگر کیا گیا ہے کے حوالے سے خدشات کو دور کرنے کی بجائے بھارت نے گورنر راج کے نفاذ کے ساتھ مقبوضہ کشمیرمیں اپنے جبر و استبدار میں اضافہ کردیا ہے اور طاقت کا وحشیانہ استعمال جاری رکھے ہوئے ہے۔