عارف علوی کا صدارتی انتخاب کے دوران ارکان پارلیمنٹ سے پرجوش مصافحہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کے ہال میں عارف علوی صدارتی انتخاب کے دوران ارکان پارلیمنٹ سے پرجوش مصافحہ کرتے رہے، ارکان پارلیمنٹ نے عارف علوی کے جیتنے پر ڈیسک بجا کر مسرت کا اظہار کیا اور عارف علوی کو مبارکباد دی۔ عارف علوی پولنگ کے دوران قومی اسمبلی ہال میں موجود رہے، ارکان پارلیمنٹ سے ملتے رہے سیلفیاں بناتے رہے، عارف علوی نے قومی اسمبلی کے سٹاف کے ساتھ بھی تصویریں بنوائیں۔ نتیجے کے اعلان کے بعد ارکان نے ڈیسک بجا کر خوشی کا اظہار کیا اور عارف علوی کو مبارکباد دی، عارف علوی جیتنے کے بعد اپوزیشن رہنماؤں سے بھی جا کر ملے جبکہ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی کو گلے لگایا۔ رانا ثناء اﷲ اور جے یو آئی کے رہنماؤں سے بھی عارف علوی نے مصافحہ کیا۔