صوفیاء کرام کی تعلیمات کا مرکز و محور محبت رسولؐ ہے‘ فضیل عیاض قاسمی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر اتحاد المشائخ پاکستان ممبر اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل عیاض قاسمی والئی موہڑہ شریف آج کھوٹہ رٹہ گھہیاں آزاد کشمیر کے مقام پر پیغام پاکستان کانفرنس اور عشق رسولؐ کے حوالے سے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں صوفیاء کرام نے مخلوق خدا کی اصلاح کیلئے ذکر خدا اور ذکر مصطفیٰؐ کو منزل بنایا۔ اور صوفیاء کرام کی تعلیمات کا مرکز اور محور محبت رسول ﷺ ہے۔ صوفیاء کرام نے تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر عملی طور پر حصہ لیا اور موجودہ پاکستان کے حالات کے پیش نظر بھی بزرگان دین نے اپنی خانقاہوں سے دہشت گردی فرقہ واریت کے خلاف آواز بلند کی۔ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اﷲ محمد رسول اﷲ کی ہر محفل میں اس آواز کو بلند کیا۔ موجودہ حالات کے پیش نظر افواج پاکستان نے سرحدوں میں جس جانفشانی کیساتھ اور اندرون ملک میں دہشت گردی کے خلاف جو کام کیا وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ ملک پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی اسی میں ہے کہ ہم پاکستان سے پیار کریں۔ یہی قیام پاکستان ہے۔ پیغام پاکستان ہے۔