پرسٹن یونیورسٹی کوہاٹ اور ہاشو فائونڈیشن میں باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد (نا مہ نگار) پرسٹن یونیورسٹی کوہاٹ اور ہاشو فائونڈیشن کے درمیان مشترکہ دلچسپی اور باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط ہو گئے،باہمی تعاون کی یادداشت کے مطابق ہاشو فائونڈیشن پرسٹن یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو ایک کروڑ روپے کے وظائف دے گی۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب گزشتہ روز پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں پرسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے یونیورسٹی کی طرف سے جبکہ ہاشو فائونڈیشن کے ڈائریکٹر پروگرامز اور سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ جلال الدین نے اپنے ادارے کی طرف سے دستخط کئے۔ یہ وظائف نادار اور مستحق طلباء و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر ہاشو فائونڈیشن کے عہدیدار شعبہ تعلیم کی سربراہ شاہدہ سلطانہ، ریجنل پروگرام منیجر شیراز اللہ بیگ اور سینئر پروگرام آفیسر نزہت احسان بھی موجود تھیں۔