تاجر اور پوری قوم 1965ء کے شہداء کی قربانیاںکبھی نہیں بھولے گی ، شرجیل میر
راولپنڈی(نیوز رپورٹر )مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی( رجسٹرڈ) کے صدر شرجیل میر نے کہا ہے کہ یوم شہداء ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایاجائے گا ،اس موقع پر تمام بازاروں میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ساتھ ہی ملک و قوم کے لیئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی چھ ستمبر میری پیدائش کادن ہے اور یہ میرے لیئے اعزاز کی بات ہے کہ میں ایسے دن پیدا ہوا جو دن ہمارے لیئے باعث فخر ہے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے چھ ستمبر کی تیاریوں کے حوالے سے بلائے جانے والے اجلاس کے دوران کیا ،انھوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان پر 1965ء میں ہندوستان کی طرف سے جنگ کا تھوپا جانا پاکستانی قوم کے ریاستی نصب العین دو قومی نظریہ ،قومی اتحاد اور حب الوطنی کو بہت بڑا چیلنج تھا ،جسے جری قوم نے کمال وقار اور بے مثال جذبے کیساتھ قبول کیا اور لازوال قربانیوں کی مثال پیش کرکے زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیا ۔اس جنگ کے بعد بھی ملک دشمن قوتوں کی جانب سے ملک میں پھیلائی جانیوالی افراتفری اور دہشت گردی سے ہزاروں فوجی ،پالیس ،رینجرز سمیت سویلین نے اپنی جانیں اس ملک پر نچھاور کردیں ،ہم تاجر اور پوری قوم ان شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی ،ہم اور ہمارے آنے والی نسلیں ان شہداء کے قرض تلے دبی رہیں گے اور انشاء اللہ ہم ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔