میپکو افسران لائن لاسز اور ریکوری اہداف ہر صورت حاصل کریں، انجینئر اکرم چوہدری
ملتان (نامہ نگار)چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد اکرم چوہدری نے ملتان سرکل کے زیر انتظام تمام ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ لائن لاسز اور ریکوری کے مقرر کردہ اہداف ہر صورت حاصل کریں ۔ اہداف حاصل نہ کرنے والے ایکسین اور ایس ڈی اوز کے خلاف سخت ایکشن لیاجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات پر بھرپور طریقے سے عمل کرتے ہوئے ادارے میں کفایت شعاری مہم شروع کردی گئی ہے ۔ افسران اور ملازمین کو نو بجے صبح دفتر میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جس پر عملدرآمد شروع ہوگیاہے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ملتان سرکل کے افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکونے کہا کہ فیلڈ میں دوران ڈیوٹی مہلک و غیر مہلک حادثہ رونماہونے کی صورت میں متعلقہ فیلڈ افسران اور فیڈر انچارج کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی ۔لائن سٹاف کی جان کے تحفظ کے لئے اعلیٰ معیار کے ٹی اینڈ پی آلات فراہم کئے جارہے ہیں اور فیلڈ میں دوران ڈیوٹی مہلک وغیر مہلک حادثات کی شرح صفر کرنے کے لئے آگاہی مہم شروع کردی ہے ۔ لائن سٹاف کی آگاہی کے لئے سیفٹی سیمینارز منعقد کئے جارہے ہیں اور تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیفٹی آلات کی چیکنگ کریں اور لائن سٹاف کو بغیر آلات کے لائنوں پر کام نہ کرنے دیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی اوز بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کریں اور نادہندگان سے واجبات وصول کئے جائیں ۔ اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن شاہد اقبال چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل انفارمیشن سسٹم میاں ندیم احمد، ایڈیشنل چیف انجینئر کمرشل میاں رحمت اللہ،چیف انجینئر کسٹمرسروسز خواجہ غلام یاسین، ایڈیشنل چیف انجینئر ملتان سرکل محمد عمر لودھی، ڈپٹی کمرشل منیجر ارشاد سیال، ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل علی اکرم گجر، ایگزیکٹو انجینئرز، ریونیوآفیسرز اور سب ڈویژنل افسران نے شرکت کی ۔