چودھری سرور سینٹ سے مستعفی، آج گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کے نامزد گورنر چوہدری سرور آج بدھ کو اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف برداری شام 6 بجے منعقد ہوگی جس کیلئے دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ گورنر پنجاب سے حلف لیں گے۔چودھری سرور نے گورنر پنجاب کا حلف 28 اگست کو اٹھانا تھا لیکن صدارتی انتخابات کی وجہ سے تقریب حلف برداری موخرکردی گئی تھی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی چودھری سرور کے حلف اٹھانے تک قائم مقام گورنر پنجاب کی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں کیونکہ تحریک انصاف کے انتخاب میں کامیاب ہونے کے بعد گورنر پنجاب کے منصب پر فائز ملک رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ دریں اثنا چیئرمین سینٹ نے نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا سینٹ رکنیت سے استعفیٰ منظور کرلیا۔ گزشتہ روز صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے سینٹ رکنیت سے استعفیٰ چیئرمین صادق سنجرانی سے ملاقات میں پیش کیا۔