وزیر کھیل پنجاب کا نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری کا دورہ
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) وزیر کھیل و امور نوجوانان پنجاب تیمور خان نے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، ہیڈ لائبریرین آصف بلال نے وزیر کھیل کو بریفنگ دی، وزیر کھیل کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای لائبریری کے آڈیٹوریم میں 150نشستیں ہیں ۔جبکہ ایک ہال ہے جس میں مختلف تقریبات منعقد کرنے کی سہولت میسرہے، اس کے علاوہ آئی ٹی روم اور ریڈنگ روم بھی بنائے گئے ہیں، 40لیپ ٹاپ، 20 ٹیبلٹ، تین ہزار مطبوعہ کتابیں، اور تقریباً دو لاکھ ای بکس بھی موجود ہیں۔وزیر کھیل و امور نوجوانان پنجاب تیمور خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای لائبریری جدید دور کی اہم ضرورت ہے جس سے ہمارے نوجوان دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ ہوسکتے ہیں، نوجوان اس سے استعفادہ حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں۔