پاور لومز سیکٹر کی ترقی سے 20 لاکھ ملازمتیں مل سکتی ہیں: عبدالخالق قندیل
ملتان (نیوز رپورٹر) آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر عبدالخالق قندیل نے اپنے بیان میں کہا کہ صرف پاور لومز سیکٹر کو ترقی دے کر 20 لاکھ نئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے عزم کی تکمیل صنعتی و ایس ایم ایز سیکٹر خصوصاً پاور لومز سیکٹر کو ترقی دے کر ممکن ہے گزشتہ حکومت نے ملتان میں پاور لومز سٹی بنانے کا منصوبہ بنایا تھا جو کہ اب تک فائلوں میں ہی گھوم رہا ہے اس کے علاوہ ملتان میں ایک بڑی لیبر کالونی بنانے کی تجویز تھی لیکن یہ دونوں منصوبے سرد خانے میں پڑے ہیں۔ عبدالخالق قندیل نے کہا کہ ملتان میں ان دونوں منصوبوں پر عمل نہ ہونے اور پاور لومز کے ’’ان پٹ‘‘ کے مہنگا ہونے کی وجہ سے یہاں کی سستی لیبر فیصل آباد اور دیگر شہروں میں جا کر محنت مزدوری کرتی ہے اگر ملتان میں ان منصوبوں کو جلد مکمل کرلیا جائے تو پورے جنوبی پنجاب سے لیبر آ کر روزگار حاصل کر سکے گی انہوں نے کہا کہ پاور لومز سیکٹر کے لئے سپیشل بجلی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا جائے اسی طرح اس سیکٹر کے مسائل کے حل کے لئے پاور لومز سیکٹر کے نمائندوں سے مشاورت کر کے نئی پالیسی لائی جائے جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور معاشی ترقی بھی حاصل ہو گی۔