مظفرگڑھ: اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر اور اینٹی کرپشن لاکھوں کے نادہندہ نکلے
مظفرگڑھ(نامہ نگار)اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر مظفرگڑھ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاکھوں کے نادہندہ نکلے.تفصیل کے مطابق حکومت کی طرف سے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں،ان میں رہائش رکھنے والے افسران اور ان کے اوپر اٹھنے والے اخراجات،افسران کے واجبات اور بقایاجات کے بارے تفصیلات طلب کئے جانے پر ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ نے رپورٹ تیار کرلی. جس کے مطابق مظفرگڑھ میں سرکاری رہائش گاہوں اور ان کے واجبات کی ادائیگی کے حوالہ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر طاہر گورچانی سب سے زیادہ 2 لاکھ 35 ہزار 17 روپے کے نادہندہ نکلے۔گزشتہ چار سالوں سے سرکاری رہائش گاہ و مراعات سے لطف اندوز ہونے والے لیبر آفیسر نے سرکاری واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کے برابر کی.حکومت پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں سرکاری افسران کی رہائش گاہوں اور ان کے اخراجات کی جامع رپورٹ طلب کرکے اخراجات کو کم سے کم کرکے قومی خزانہ کو تقویت بخشنے اور عوامی مسائل پر پیسہ خرچ کرنے کے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے.اس بارے مظفرگڑھ کی ضلعی انتظامیہ نے نادہندہ افسران کی رپورٹ تیار کرلی۔ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ میں عرصہ دراز سے تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر طاہر گورچانی گزشتہ چار سالوں میں سرکاری رہائش گاہ کو استعمال کرنے سمیت دیگر مراعات سے مستفید ہوتے ہوئے سرکاری واجبات کی ادائیگی میں مسلسل لیت ولعل سے کام لیا۔طاہر گورچانی نے ہاؤس رینٹ کی مد میں واجبات کی ادائیگی نہ کرکے سرکاری خزانہ کو 2 لاکھ روپے سے زائدکا نقصان پہنچایا۔جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ظہیر احمد 1 لاکھ چھیالیس ہزار چھ سو پچاس کے نادھندہ نکلے۔