اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹرز کی تعیناتی کے معاملے پر ہائیکورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سے جواب طلب کر لیا
ملتان (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کی اسامیوں پر تعیناتی کیخلاف درخواست پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سے24 ستمبر کو جواب طلب کر لیا ہے۔ فاضل عدالت میں بلال شہباز سمیت دیگر وکلاء امیدواران نے موقف اختیار کیا تھا کہ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کی146 اسامیوں میں جنوبی پنجاب سے صرف7 امیدوار منتخب کئے گئے جبکہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کو20 فیصد کوٹہ دینے کا آرڈر جاری کیا تھا۔ اسی طرح اقلیتوں اور معذور افراد کی 20 سیٹوں پر بھی تعیناتی نہ ہوئی ہے لہٰذا کوٹے کے مطابق تعیناتیوں کا حکم دیا جائے۔