وفاقی اور صوبائی افسران کیلئے مختص سرکاری رہائش گاہوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے کا کا شروع
ملتان (ملک اعظم سے) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں وفاق اور صوبائی افسران کے لئے مختص سرکاری رہائش گاہوں کی تفصیلات اکٹھا کرنا شروع کر دی ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز سے کمشنر ہاؤس‘ ڈی آئی ہاؤس‘ ڈپٹی کمشنر ہاؤس‘ سرکٹ ہاؤس‘ گیسٹ ہاؤس‘ ڈاک بنگلہ‘ کیمپ آفس‘ ڈی پی او ہاؤس کی اراضی اور کورڈ ایریا کی رپورٹ مانگ لی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایک پرفارما جاری کیا ہے جس میں مذکورہ عہدے کے افسران کی رہائش گاہوں کی موجودہ صورتحال‘ ان رہائش گاہوں میں تعینات ملازمین‘ عمارتوں کی موجودہ صورتحال‘ کمروں کی تعداد‘ ان عمارتوں میں دی گئی سہولیات‘ سالانہ اخراجات کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔ اس کے ساتھ صوبائی سیکرٹریز کی رہائش گاہوں‘ اراضی کی موجودہ مارکیٹ ویلیو جبکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ لیول کے افسران کی رہائش گاہوں‘ موجودہ مالیت کا تخمینہ بھجوانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ معلوم ہوا ہے صرف پنجاب میں کمشنرز اور ڈی آئی جیز سینکڑوں کنال کے گھروں میں رہائش پذیر ہیں۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی رہائش گاہیں 1 سو کنال سے زائد رقبہ پر مشتمل ہیں۔ وفاقی حکومت ملک بھرکے افسران کے لئے مختص رہائش گاہوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اگلے منصوبے کا اعلان کرے گی۔