کراچی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 2 خودکش جیکٹس و اسلحہ برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر) اورنگی ٹائون کے علاقے رئیس امروہوی کالونی کے قریب صادق آباد میں بم بنانے کی فیکٹری پر پولیس کے چھاپے کے دوران مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ فیکٹری سے دو خودکش جیکٹ بارودی مواد‘ بال بیرنگ اور ڈیٹونیٹر برآمد کرلئے گئے۔ چھاپہ منگل کو علی الصبح اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے اہلکاروں نے مارا تھا جنہیں اطلاع ملی تھی کہ رئیس امروہوی کالونی کے قریب صادق آباد کے ایک مکان میں دہشت گرد موجود ہیں۔ پولیس کے چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے تینوں دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت بعد میں زبیر ولد آیا خان‘ رحمت عرف رضوان ولد رمضان اور فیصل ولد محمد رشید کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے ان میں سے ایک بم بنانے اور خودکش جیکٹ تیار کرنے کا ماہر جبکہ دو خودکش بمبار تھے تینوں مبینہ طور پر محرم الحرام کے دوران کراچی میںمستونگ طرز کا دھماکہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ نے بتایا کہ دہشت گردوں کے موبائل فون سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وہ سٹی کورٹ اور لیاری ایکسپریس وے پر حملہ کرنا چاہتے تھے یہ حملے یکے بعد دیگرے ہوتے ایک دھماکے کے بعد جب لوگ جمع ہوجاتے تو دوسرا دھماکہ کیا جاتا‘ تینوں دہشت گرد حال ہی میں افغانستان سے آئے تھے۔