اپوزیشن کو متحد کرنے کا سہرا پی پی ،تقسیم کرنے کی سازش مسلم لیگ ن نے کی: راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمن کو نامزد کرکے قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کابدلہ لیا ہے ،اعتزاز احسن پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے قابل قبول امیدوار ہیں ،اپوزیشن کو متحد کرنے کا سہرا پی پی جبکہ تقسیم کرنے کی سازش مسلم لیگ ن نے کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ امیدوارنہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کیلئے قابل قبول ہیں تاہم پاکستان مسلم لیگ ن نے پی پی امیدوار کی مخالفت کرکے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا بدلہ لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو تقسیم کرنے کا الزام پی پی کو دینا مناسب نہیں ہے ۔