پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے 65ء والے جذبے کی ضرورت ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے 65ء والے جذبے دوبارہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ شہداء کی قربانیاں پوری پاکستانی قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔ یہ ملک قومیت،لسانیت اوروطنیت کا نہیں بلکہ لاالہ الااللہ کا ملک ہے جس کی حفاظت اور دفاع ہمارا دینی فریضہ ہے۔قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل سے ملک میں امن قائم اور اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا ہو گا۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے‘ اس بنیادی نظریہ پر عمل کئے بغیر ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ قیام پاکستان کے وقت پوری قوم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد ہوئی اور کمزور پاکستان ایک طاقتور ملک کے طور پر سامنے آیا۔ہمارے بزرگوں نے ہندوؤں سے دین کی بنیاد پر علیحدگی حاصل کی جس کے لئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔ نوجوان نسل کو تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی زندگی کا مطالعہ کرنا اور ان کی سوچ و فکر کو سمجھنا چاہئے۔ہم جب تک دو قومی نظرئیے پر عمل نہیں کریں گے ملک میں امن واستحکام قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہاکہ ستمبرکا مہینہ ہمیں دفاع پاکستان کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کی یاد دلاتا ہے۔ بھارت کو اس وقت شکست ہوئی تھی کیونکہ قوم پاک فوج کے ساتھ تھی ۔ آج کے نوجوانوں کو اسی جذبے کی ضرورت ہے جوستمبر1965ء میں تھا۔