شہباز شریف نے پنجاب برباد کردیا، کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا: پرویز الٰہی
لاہور(خصوصی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار)قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی تھے، اتحاد میں برکت ہے، ہم نے عوام سے بہتری کا وعدہ کیا ہے اس لیے الیکشن میں آسانی یا مشکل سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اصل بات یہ ہے کہ اپنے کاموں پر ایمانداری سے توجہ دینی چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کیلئے جب ایک بندہ سارے دستخط خود کرے گا جو اُن کے شناختی کارڈ سے مختلف ہوں گے تو ارکان کو خود دستخط کرنا ہوں گے جس میں وقت تو لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارورڈ بلاک بنانے کے میں خلاف ہوں اور کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے پنجاب کو برباد کر دیا، انہوں نے صوبے کے ہر نظام کو جتنا نقصان پہنچایا ہے کسی نے نہیں پہنچایا، عوام کے حقوق چھین لیے گئے ہیں، غریبوں کے سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کو تباہ کر دیا ہے، اب ہر شعبہ میں بہتری لانا ہو گی اور مؤثر و نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوںگے، آج ہی ایک ن لیگ ایم پی اے نے مجھے کہا کہ ہوسٹل کے کمرے ٹھیک نہیں تو میں نے ان سے کہا کہ آپ دس سال کیوں خاموش رہے، شہبازشریف کو کیوں نہیں کہا کہ ہوسٹل اور ملازمین و ڈرائیورز کے بیٹھنے کی جگہ ہی ٹھیک کروا دیں، پنجاب اسمبلی کی بلڈنگ کیوں آپریشنل نہیں کی، شہبازشریف نے صوبے کے نظام کو بہتر کرنے کی بجائے بگاڑ دیا، کوتاہی اپنی ہوتی تھی اور سرکاری افسروں کو کھڑے کھڑے ٹرانسفر کر دیتے تھے، سب نے وہ زمانہ بھی دیکھا ہے، اب حالات کی بہتری کیلئے صبر کریں چھوٹی چھوٹی باتوں کو چھوڑ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 100 دن کا کہا ہے انہیں ٹائم دیں اور انتظار کریں۔ نئے بلدیاتی نظام کی تبدیلی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وزیر بلدیات ہی بہتر بتا سکتے ہیں، ن لیگ نے اس نظام کا بھی حلیہ بگاڑ دیا اور آتے ہی ہماری حکومت میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات چھین لیے تھے۔ علاوہ ازیں قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یہاں ڈاکٹرز ہسپتال میں تبلیغی جماعت کے سربراہ ممتاز عالم دین الحاج عبدالوہاب کی عیادت کی جو سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، مولانا فہیم اور دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہا کہ قوم سے الحاج عبدالوہاب کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ایک ایسی ہستی ہیں جنہوں نے پاکستان، بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر میں تبلیغ دین کا کام کیا اور فروغ دین کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے بتایا کہ انہیں اگر علاج کیلئے کہیں اور شفٹ کرنا ہے تو اس کیلئے ائرایمبولینس کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے لیکن ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسکی ضرورت نہیں پڑے گی، اب انکی حالت بہت بہتر ہے۔