اپوزیشن کا اتحاد غیرفطری ثابت ہوا، غلط فہمی کا شکار نہیں: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جمہوریت کا سفر رواں دواں ہے۔اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ثابت ہوا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا اپوزیشن جماعتوں میں نظریاتی یکسانیت نہیں تھی، کوشش کریں گے اپوزیشن کا کردار تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ حکومت میں آتے ہی کئی ٹاسک دیکھے۔ انہوں نے کہا مشکلات سے انکار نہیں کر سکتے، غلط فہمی کا شکار نہیں، آگے بڑھنے کا ارادہ ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا امید ہے کہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، عمران خان کی سنجیدگی اور محنت سامنے ہے۔ کئی دنوں میں کئی کابینہ کے اجلاس اور ٹاسک فورس کی تشکیل دیکھی۔ دریں اثنا صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہر سطح پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں‘ او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائیں گے۔ سردار مسعود خان نے وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائیں گے۔ پاکستانی حکومت اور عوام ہر سطح پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔