بھارت: انتہا پسند ہندوئوں نے ریٹائرڈ مسلمان پولیس ملازم کو ڈنڈے مار کر قتل کر دیا
الہ آباد/ دہلی (این این آئی) بھارتی شہر الہ آباد میں دن دیہاڑے ستر سالہ مسلمان شہری کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کر دیا گیا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی شہر الہ آباد میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار ستر سالہ عبدالصمد خان پر موٹر سائیکل سواروں نے ڈنڈوں سے حملہ کیا۔سی سی ٹی وی کیمرے میں تین افراد کو معمر شخص پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے، اس دوران متعدد افراد وہاں سے گزرے لیکن کسی نے مسلمان شہری کی مدد نہ کی۔ عبدالصمد خان کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے، پولیس نے واقعے میں تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے عبدالصمد کو جائیداد کے تنازعہ پر قتل کیا گیا ہے۔ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع رائے سین کے سلطان پور کے گائوں پیپل والی میں نوجوان کومشتعل افراد نے پکڑ کر زدوکوب کیا۔ کلّو عرف پریم نرائن ساہو اپنی گائے کو ڈھونڈتے ہوئے ستو یادو کے مکان پر پہنچا۔ اس نے گائے کے بارے میں سوال کیا تو وہ نوجوان سے الجھ پڑا۔ اسی دوران یادو کے گھر والے اور رشتے دار وہاں پہنچ گئے اور گائے کی تلاش میں نکلے نوجوان کو درخت سے باندھ کر زدوکوب کرنا شروع کردیا۔ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان لوگوں نے تلوار سے اس کے دونوں ہاتھوں پر وار کیا جس میں ایک ہاتھ کٹ کر الگ ہوگیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ 3کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔