جلسے جلوسوں والا دور ختم، اب سیاست میں صرف میڈیا کا وقت ہے: شیخ رشید
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ممنون حسین چلے گئے اب انکے بارے میں کیا کہنا‘ عارف علوی اور ممنون حسین کی شخصیت میں واضح فرق ہے‘پاکستان اپنے مفادات کو ہر قیمت پر ترجیح دے گا‘ خارجہ معاملات پر شاہ محمود کی شکل میں بہترین اور تجربہ کار شخصیت موجود ہے‘فضل الرحمان دینی اور مذہبی مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہیں‘ انہوں نے پہلے بھی جمالی صاحب کیخلاف الیکشن لڑا تھا۔منگل کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہماری حکومت کو ابھی 10 دن ہوئے ہیں، ان شااللہ 100 دن میں پاکستان ریلوے کی پرفارمنس کو بہتر کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اورعارف علوی مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ،اب جلسے جلسوں والا وقت ختم اور میڈیا کا شروع ہوگیا ہے میڈیا کا سیاست میں بہت بڑا عمل دخل ہے ۔شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جے یو آئی (ف) اور پیپلزپارٹی دونوں اپوزیشن جماعتیں ہیں اور ہر پارٹی اپنا نام زندہ رکھنا چاہتی ہے اس لیے کوئی بھی الیکشن ہارنے کے باوجود بھی اپنا امیدوار نہیں بٹھا تی ہے لیکن آج کل ساری سیاست میڈیا کے پاس ہے اس وقت تمام سیاسی پارٹیاں اپنی سیاست میڈیا پر ہی چمکاتی ہے کیونکہ اب وہ جلسے جلسوں والا وقت ختم ہوگیا اب صرف میڈیا کا وقت ہے جس سیاستدان کی میڈیا پر جتنی زیادہ ریٹنگ ہوتی ہے وہ اتنا ہی عوام کو زیادہ قابل قبول ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی این اے60سے راشد شفیق الیکشن لڑیں گے اور پی ٹی آئی ہماری اتحادی ہوگی۔