پشاور:بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا چوری شدہ 2 کروڑ مالیت کا سامان گوداموں سے برآمد
پشاور(صباح نیوز)پولیس نے پشاور کے مختلف گوداموں سے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (بی آر ٹی پی) کے چوری ہونے والے 2 کروڑ سے زائد مالیت کے سامان کو برآمد کرلیا، جس میں فولڈنگ پائپ، سریا اور جنگلے شامل ہیں۔کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او)پشاور قاضی جمیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے پشاور کے مختلف گوداموں سے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (بی آر ٹی پی) کے چوری ہونے والے 2 کروڑ سے زائد مالیت کے سامان کو برآمد کرلیا ، شہرکے مختلف گوداموں پر چھاپے مار کر 2 کروڑ روپے کا سامان برآمد کیا گیا جبکہ چوری میں ملوث ملزم باسط کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سی سی پی او نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم باسط نے پولیس کو ان گوداموں کی نشاندہی کی، جہاں چوری کیا گیا سامان رکھا گیا تھا جبکہ ان 3 افراد کے نام بھی بتائے جنہیں یہ سامان فروخت کیا گیا تھا۔جس کے بعد پولیس نے ان گوداموں میں چھاپے مارے اور چوری کیا گیا سامان برآمد کرلیا۔گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ سامان خریدنے والے تینوں افراد کی تلاش جاری ہے۔