ملکی داخلہ و خارجہ پالیسی کو از سر نو مرتب کرنا ہو گا: طاہر محمود اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)ملک کی داخلہ و خارجہ پالیسی کو از سر نو مرتب کرنا ہو گا، خارجہ محاذ پر پاکستان دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے دوست ممالک سے رابطوں کو بڑھایا جائے ، پاکستان امریکہ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوا ہے جبکہ چین اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا ہے ، افغان مسئلہ کا حل افغان حکومت اور طالبان نے کرنا ہے ، پاکستان نے امن کیلئے ہر سطح پر کوشش کی ہے ، یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ مسجد معاذ بن جبل میں علماء اور ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا عبدالحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا الیاس مسلم ، مولانا نائب خان ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا شہباز احمد ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا حبیب الرحمن بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو خارجہ اور داخلہ پالیسی از سر نو مرتب کرنی ہو گی ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی انتہائی کمزور تھی جس کے نتیجہ میں پاکستان کے دوست ممالک بھی پاکستان سے دور ہوئے ہیں۔