وزرا توہین آمیز، متکبر روئیے ترک کریں: جماعت اسلامی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں میدان عمل اور میدان امتحان میں اتر چکی ہیں۔ انہیں طاقتور آزاد میڈیا، سوشل میڈیا اور عدلیہ کا سامناہے۔ اب خوشنما دعوئوں اور اعلانات سے کام نہیں چلے گا، گڈ گورننس کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔ حکومتی وزراء کو توہین آمیز متکبر رویوں اور بیانات کو ترک کر کے زبانیں بند اور عمل کی زبان سے عوام کو مطمئن کرنا ہوگا۔ عوام صحت مند ماحول، پینے کا صاف اور وافر پانی، باعزت روزگار اور زندگی چاہتے ہیں۔ حکومت منتخب نمائندوں اور نوکر شاہی کے درمیان باوقار تعلقات کار کا چارٹر ترتیب دے۔ میاں مقصود احمد کہا ہے کہ ٹیکس چوری اور ہنڈی کے ذریعے پیسے بیرون ملک منتقل کرنے کے رجحان میں اضافے کے باعث پانچ ہزار سے زائد پاکستانیوں کے اربوں ڈالرز مختلف ممالک میں پڑے ہیں۔ صرف دبئی میں 42سو ارب مالیت کی 2750 پراپرٹیز پاکستانیوں کی ملکیت میں ہیں۔ بیرون ممالک میں بھجوائی گئی رقوم کی واپسی میں پیش رفت نہ ہونے کے برابر ہے۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حجاب مسلم معاشرے میں پاکیزگی کو فروغ دینے اور حیا و تقدس کا ذریعہ ہے۔