یوم دفاع پاکستان کل ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا

05 ستمبر 2017 (14:19)

ملک بھر میں 52واںیوم دفاع پاکستان کل  ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ۔اس دن کی مناسبت سے شہدا ءکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت6 ستمبر 1965کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداءکی یاد گاروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائیں بھی ہوں گی۔ لاہور میں علامہ محمد اقبال ؒاور کراچی میں قائد اعظم محمدعلی جناح ؒکے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوں گی۔ رینجرز ہیڈکوارٹرز میں بھی خصوصی تقریبات ہوں گی۔ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر)سمیت دیگر شہداءکی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔لاہور میں ہونے والی تقریبات کے لئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیاہے جس کے تحت داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کومزید سخت کردیا گیا ہے۔یوم دفاع کے حوالے سے اخبارات خصوصی سپلیمنٹ شائع کریں گے اور 65ءکی جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی پروگرام ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے ۔