نوازشریف کاجلد وطن واپس آکر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

05 ستمبر 2017 (14:05)

سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے جلد وطن واپس آکر ایک بار پھر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سابق وزیراعظم محمد نوازشریف ان دنوں اپنی اہلیہ کے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف 8 ستمبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور اس کے بعد جلد ہی عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے جس میں وہ مختلف شہروں میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کی تصدیق مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری و قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف اپنی مہم کے پہلے مرحلے میں ایبٹ آباد کے بعد جنوبی پنجاب اور پھر کراچی میں جلسے کریں گے۔جاوید مرتضی عباسی کا کہنا تھا کہ 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں عوامی طاقت کا تاریخی مظاہرہ ہوگا اور آئندہ 50 سال میں ایسی سیاسی طاقت کا مظاہرہ دیکھنے کو نہیں ملے گا۔