ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلال یاسین سے کل تک جواب طلب

05 ستمبر 2017 (13:31)

الیکشن کمیشن نے این اے ایک سو بیس میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں صوبائی وزیرکی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی جماعت نے ضابطہ اخلاق کو گپ بنا رکھا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت کی.سماعت کے آغاز پر چیف الیکشن کمشنرنے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بلال یاسین لاہور کے ضمنی الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں .وہ پیش کیوں نہیں ہوئے۔جس پر بلال یاسین کے وکیل شہزاد شوکت کے ایسوسی ایٹ نے عدالت کو بتایا کہ وہ ضروری کام کے باعث کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوسکے ہیں۔جس پر چیف الیکشن کمشنرنے برہمی کا اظہار کرتے کہا کہ بلال یاسین جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے،(ن)لیگ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے ضابطہ اخلاق کو گپ بنادیا گیا ہے.یہ معاملہ سنجیدہ ہے جس میں بلال یاسین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ، اگر وہ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو انہیں نااہلی کے لئے شوکازنوٹس جاری کریں گے۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے بلال یاسین سے کل 7 ستمبر تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔