روہنگیا مسلمانوں پر بربریت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قراداد جمع کرادی گئی

05 ستمبر 2017 (13:04)

روہنگیا مسلمانوں پر بربریت کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کروادی گئی۔ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروائی گئی۔ قرارداد میں کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر عالم اسلام اور طاقتور ممالک خاموش ہیں. روہنگیا مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی ہے اور ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے. قراداد میں مطالبہ کیا گیا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی عالمی سطح پر مذمت اور برما پر بین الاقوامی پابندیوں کا اطلاق کیا جائے۔قبل ازیں تحریک انصاف نے برما کے مسلمانوں پر لرزہ خیز مظالم کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کے لئے تحریک التوا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھی جمع کروائی۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، اسد عمر، ڈاکٹر عارف علوی اور شفقت محمود کی جانب سے تحریک التوا جمع کرائی گئی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان برما میں مسلمانوں کے قتل عام کا معاملہ فوری طور پر اٹھائے، لاکھوں برمی مسلمانوں کے گھر نذر آتش کئے جا رہے ہیں، معاملے کی نزاکت کے پیش نظر ایوان میں جامع بحث کی جائے اور قومی لائحہ عمل سامنے لایا جائے۔