ملتان میٹرومنصوبہ میں مبینہ کرپشن سے متعلق چینی حکومت نے میری بے گنا ہی ثابت کردی :شہباز شریف

05 ستمبر 2017

لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عید کے دوسرے روز چلڈرن ہسپتال لاہور میں 614 بستروں پر مشتمل نئے انڈور بلاک کا افتتاح کیا۔ اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونیوالے نئے بلاک کے افتتاح کے(صفحہ 9بقیہ 15)
بعد چلڈرن ہسپتال میں بستروں کی تعداد 1100ہوگئی ہے۔ نئے بلاک میں 16نئے آپریشن تھیٹرز بھی بنائے گئے ہیں جبکہ بچوں کے کینسر وارڈ کیلئے بستروں کی تعداد 100تک بڑھا دی گئی ہے۔ رواں ماہ پہلے مریض کا بون میروٹرانسپلانٹ ہوگا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے نئے بلاک کے افتتاح کے بعد مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔وزیراعلیٰ جنرل وارڈ،کارڈیک سرجری وارڈ،آئی سی یو،آپریشن تھیٹرزاوردیگر وارڈز میں گئے۔وزیراعلیٰ نے بچوں کیلئے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی تفریحی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ اشرافیہ کے بچے لندن اورامریکہ میں مہنگے علاج معالجے سے استفادہ کرتے ہیں اورچلڈرن ہسپتال میں اسی معیار کا علاج معالجہ عام آدمی کے بچوں کو فری مل رہا ہے ،یہ ا صل تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کے نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔مجھے امید ہے کہ ہسپتال انتظامیہ اس سلسلے میں فوری اقدام کرے گی۔انہوںنے کہا کہ اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے نئے آپریشن تھیٹرز اوران ڈور بلاک بننے سے دل کے آپریشن جو پہلے 500ہوتے تھے اب 2000تک پہنچ جائیں گے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ مجھے بے بنیاد الزامات میں مت الجھائیں ،مجھے عوام کی خدمت اورمزدوری کرنے دیں اوربے بنیاد الزامات مجھے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے۔انہوںنے کہا کہ ملتان میٹروبس پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے جو بے بنیاد الزامات لگائے گئے اس کا ثبوت ا للہ تعالیٰ نے دے دیا ہے۔ہمارے سب سے قابل اعتماد دوست چین کے سفارتخانے کے ذریعے میرے بیان کی توثیق کی گئی ہے اوربے بنیاد الزامات لگانے والوں کو آئینہ دکھا دیا گیاہے۔چین نے اتنا مضبوط اورٹھوس پیغام دیا ہے کہ اس کے بعد ہر الزام ختم ہوگیا ہے اوراب کوئی ثبوت نہیں چاہیے،یہ میری ہی نہیں بلکہ 21 کروڑ عوام کی فتح ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ چینی حکومت نے واضح طورپر کہا ہے کہ یہ کمپنی پاکستان میں کام نہیں کررہی ہے ۔جھوٹ بولنے اور بددیانتی کرنے پر اس کمپنی کو سزا دی جاچکی ہے۔بلاشبہ چینی حکومت کایہ بیان میری بے گناہی کا واضح ثبوت ہے اوریہ21کروڑ پاکستانیوں کی عظمت کو سلام ہے ۔انہوںنے کہا کہ جھوٹ اورفریب کے ذریعے الزام تراشی کرنے والوں کے سامنے نتیجہ آچکا ہے ،اب وہ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورہماری عزت چین کے لوگوں کی نظر میں مزید بڑھی ہے ۔ہمارے مخالفین خصوصاً ہندوستان کی نظر میں بھی پاکستان کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوا ہے ۔ہندوستان اور مخالفین سی پیک پر وار کرنا چاہتے ہیں لیکن سیاسی و عسکری قیادت کے مشترکہ عزم کے باعث سی پیک ٹیک آف کرچکا ہے اوریہ اپنی منزل پر پہنچے گا ۔سی پیک کے باعث ہندوستان کے پیٹ میں بل پڑھ رہے ہیں اور مڑور اٹھ رہے ہیں اوران کے آلہ کار بھی سی پیک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ میں عوام کی بے لوث خدمت کروں لیکن مخالفین سن لیں میں خادم کی طرح عوام کی خدمت کرتارہوں گا۔میں پاکستان کیلئے ہرقیمت دینے کیلئے تیار ہوں ۔میں عوامی خدمت کے سفر سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ چلڈرن ہسپتال میں نئے ان ڈور بلاک کی افتتاحی تقریب سے قبل وزیر اعلی محمد شہباز شریف گاڑی سے اتر کر سیدھے ہسپتال کے باہر موجود بچوں کے لواحقین کے پاس گئے اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے دریافت کیا- لواحقین نے وزیر اعلی کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور’’ دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا ‘‘کے نعرے لگائے- لواحقین نے وزیر اعلی کو بتایا کہ بچوں کے علاج معالجے کے لئے ایسا ہسپتال پورے پاکستان میں نہیں - اس ہسپتال میں بچوں کے پیچیدہ امراض کا بھی علاج ہوتا ہے جس پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔