امت مسلمہ برما کے مسلمانوں پر ظلم رکوانے کیلئے متفقہ کوششیں کرے

05 ستمبر 2017

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم ِاسلام کے ممتاز مذہبی وروحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حج مسلمانوں کا عالمگیراجتماع اور اتحادِامت ِمسلمہ کا مظہر ہے اس عظیم فریضے کی ادائیگی کے بعد مسلمانانِ عالم نے سنت ِابراہیمی ؑپر عمل کرتے ہوئے قربانی ادا کی ہے جسکے متعلق حضور نبی کریم ﷺ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کو یو ںفرماتے ہیں کہ یہ قربانی تمہارے جدِامجد حضرت ابراہیم ؑ کی سنت ہے،قربانی کے جانور کے ایک ایک بال کے عوض ایک نیکی ہے اور قربانی کا جانور قیامت کے دن اپنے سینگوں،بالوںاور کھروںکے ساتھ زندہ ہو کر آئے گا اور اُس بندے کی پلِ صراط پر سواری ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار مبارک کے روز عیدگاہ شریف میں منعقدہ ماہانہ محفلِ بارہویں پاک سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قبلہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺنے اپنی پوری اُمت کی طرف سے بھی ربِ کریم کے حضور قربانی پیش کی جس سے بڑھ کر تقویٰ والی قربانی کوئی اور ہو نہیں سکتی ہے، حضورنبی کریم ﷺ فرماتے ہیں کہ 10ذوالحج کے روز اللہ تعالیٰ کے نزدیک ابنِ آدمؑ کا کوئی عمل قربانی سے زیادہ پیارا نہیں ہے اُنہوں نے مزید کہا کہ حج کے موقع پر خادمِ الحرمین ِ شریفین شاہ سُلیمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کی اُمتِ مسلمہ کے لئے بے شمار خدمات نہایت قابلِ تحسین اور خراجِ عقیدت کے لائق ہیں۔اُمتِ مسلمہ کو برما کے مسلمانوں پر جاری ظلم و جبرکو روکنے کے لئے ایک متفقہ آواز اُٹھانی چاہیے اور اقوام عالم کی توجہ برما کے مظلوم مسلمانوں کی جانب مبذول کروانا چاہئیے۔محفلِ پاک سے کثیر تعداد میں علمائے کرام جن مفتی محمد سلیمان رضوی،مفتی فیصل حسین نقشبندی،علامہ سید عارف شاہ گیلانی،علامہ فاروق عثمانی،حافظ بشیر احمد سیالوی،علامہ ضیاء الحسن ضیائی،خواجہ وجاہت جمیل اور قاری محمد سلیم شہزاد نے بھی خطاب کیا ۔جب کہ دربارِ رسالتِ مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ گُل تعارف نقشبندی،محمد حنیف مدنی،محمدفاروق مہروی،حافظ رضوان طارق،عثمان گُل تعارف نقشبندی ودیگر نے پیش کیا۔محفلِ بارہویںپاک کا اختتام درودو سلام کے بعد پیرمحمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی ،ترقی،خوشحالی،افواجِ پاکستان کی سر بُلندی،برما کے مسلمانوں کی نجات اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دُعاکی۔