راولپنڈی شہر اور کینٹ کی مساجد میں نماز عید الاضحٰی کے روح پرور اجتماعات
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عید الاضحٰی روائتی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ راولپنڈی شہر اور کینٹ کی جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے بڑے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں پولیس نے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔ بارش کی وجہ سے عیدگاہوں اور پارکوں میں نماز عید کے انتظامات نہیں کئے جاسکے۔ علماء کرام نے فلسفۂ قربانی پر روشنی ڈالی زونل خطیب مولانا محمد اقبال رضوی نے مرکزی جامع مسجد حنفیہ، ممتاز عالم دین مولانا اشرف علی نے دارالعلوم تعلیم القرآن، جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمٰن نے جامعہ اسلامیہ صدر، پیر سید حسین الدین شاہ نے جامعہ رضویہ ضیاء العلوم سیٹلائٹ ٹاؤن ، پیر سید چراغ الدین شاہ نے جامعہ سراجیہ اصغر مال سکیم I، پیر سید ضیاء الحق شاہ نے جامع مسجد احاطہ فضل الہیٰ صدر اور پروفیسر ڈاکٹر حبیب اﷲ چشتی نے جامع مسجد چونگی نمبر 22میں نماز عید پڑھائی اور خطبہ دیا۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام نے بکروں، دنبوں، بیلوں اور اونٹوں کی قربانی دے کر سنت ابراہیمی ادا کی اور حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کی۔ دینی مدارس اور فلاحی و دینی تنظیموں اور اداروں کی طرف سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بعض علاقوں میں اجتماعی قربان گاہیں قائم کی گئی تھیں جبکہ قربانی کے جانور ذبح کرنے اور گوشت کی تیاری کیلئے قصابوں کی چاندی رہی جو منہ مانگی ’’اجرت‘‘ وصول کرتے رہے۔