راولپنڈی شہر 16506 ٹن آلائشیں اور فضلہ ٹھکانے لگا دیا گیا
راولپنڈی( محمد رضوان ملک / نیوزرپورٹر) عید قربان کے تین دنوں میں راولپنڈی شہر سے 16506 ٹن آلائشیں اور فضلہ ٹھکانے لگایا گیا ،راولپنڈی شہر اور اس کی تحصیلوں سے 9000 ٹن، چکلالہ کینٹ کے علاقے سے 5000 ٹن کے قریب اور کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے علاقوں سے 2506 ٹن آلائشیں اور دیگر فضلہ ٹھکانے لگایا گیا۔ مئیر راولپنڈی و چئیرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سردار نسیم، ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیر دل ۔ ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی ڈاکٹر صائمہ شاہ اور ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر رانا رمیز شفقت نے اس سارے عمل کی از خود نگرانی کی اور تینوں دن شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک دورہ کر کے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام عمل کی نگرانی کی۔ عید قربان کے تیسرے دن راولپنڈی شہر کے تینوں اداروں نے اپنا صفائی پلان کامیابی سے مکمل کر لیا۔ عید کے تیسرے دن شہر میں قائم ٹرانسفر سٹیشنز کو ختم کر کے اس جگہ کو فنائل سے دھونے کے بعد بھاری مقدار میں چونا ڈال دیا گیا،اسی طرح شہر بھر میں موجود کنٹینرز کو بھی دھو دیا گیا ہے،شہر کی گلیوں میں ،بازاروں اور سڑکوں پر چونے کا بھاری مقدار میں استعمال کیا گیا ہے،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تین ہزار ورکرز 24گھنٹے مختلف شفٹوں میں صفائی پر مامور رہے،آلائشیں اٹھانے کیلئے 354چھوٹی بڑی گاڑیاں استعمال کی گئیں،عملے کی چھٹیاں منسوخ رہیں،شہر بھر میں لاکھوں کی تعداد میں ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے،صفائی آگاہی کیمپ لگائے گئے،ہیلپ لائن اور خصوصی موبائل نمبرز بھی 24گھنٹے فعال رہے اور صفائی سے ملنے والی شکایتوں کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا،آر ڈبلیو ایم سی میں قائم کنٹرول روم کے زریعے صفائی کے عمل کی نگرانی کی گئی،قائم مقام کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے میئر راولپنڈی کے ہمراہ کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا،چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میئر راولپنڈی سردار نسیم نے ایم ڈی رضوان شیر دل کے ہمراہ عید کے تینوں دن مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرکے صفائی کا معائنہ کیا،سردار نسیم نے عید پر کامیاب صفائی آپریشن پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انکی ان تھک محنت کے باعث ایک مشکل ٹاسک کامیابی سے مکمل کر لیا گیا،میں اس موقع پر شہریوں کے بھرپور تعاون کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری آگاہی مہم میں فراہم کردہ ہدایات پر پوری طرح عمل کیا جسکے باعث ہمیں اپنے کام میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا،ہم نے اپنے سلوگن قربانی آپکا ارادہ اور صفائی ہمارا وعدہ پر پوری طرح عمل کیا ،شہریوں کیلئے بہترین صفائی انتظامات کئے،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رضوان شیر دل نے کہا کہ یہ آپریشن ورکرز کی محنت اور شہریوں کے تعاون کی بدولت ہی ممکن ہو سکا،اگر شہریوں نے اسی طرح ہمارے ساتھ تعاون جاری رکھا تو ہم کلین اینڈ گرین راولپنڈی کا ہدف باآسانی حاصل کر لیں گے۔چیف سینٹری انسپکٹر وارث بھٹی نے نوائے وقت کو بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے نے تین دنوں کے دوران کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے سے 2506 ٹن آلائشین اور فضلہ ٹھکانے لگایا ۔ راولپندی کینٹ کے علاقوں سے عید کے پہلے دن 826 ٹن، دوسرے دن 848 ٹن اور تیسرے دن 832 ٹن آلائشیں اور فضلہ ٹھکانے لگایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سارے آپریشن کے دوران 700 سینٹری ورکرز 80 چھوٹی بڑی گاڑیوںنے حصہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے تین دنوں میں مختلف گھروں سے بھی 67 آلائشیں اٹھائی گئیں جو لوگوں نے فون کر کے گھر کے اندر سے اٹھوائیں۔عید کے تینوں دن ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ، ایڈیشنل ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا رمیز شفقت ، چیف سینٹری انسپکٹر وارث بھٹی سینٹری انچارج نجیب اور دیگر عملہ نے تینوں دن شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورصفائی کے کام کی از خود نگرانی کی۔