چھٹیوں کا اختتام، پی ایچ ایف ڈیویلپمنٹ ا سکواڈکیمپ آج شروع ہوگا

05 ستمبر 2017

لاہور(اسپورٹس رپورٹر) عید کی چھٹیوں کے بعد پی ایچ ایف ڈیویلپمنٹ اسکواڈ کا کیمپ آج سے عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عمان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے لیے پی ایچ ایف ڈیویلپمنٹ سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے جو 7 ستمبر کی صبح کراچی سے عمان کے لیے روانہ ہوگا۔ ٹیم کے منیجر اولمپیئن منصور احمد کا کہنا ہے کہ عمان کے خلاف تیاری کا اتنا موقع نہیں ملا اس کے باوجود بھی اچھے نتائج حاصل کرینگے۔ کھلاڑیوں نے کیمپ میں رپورٹ کر دی ہے آج مقامی یونیورسٹی کی جانب سے قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ عمان روانگی سے قبل دو روزہ کیمپ کراچی میں لگے گا۔ فیڈریشن نے سینئر ٹیم کے ساتھ بیک اپ کے طور پر ڈیویلپمنٹ سکواڈ کی تیاری کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ بہت اچھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے بھی اس کھیل کو ترقی ملے گی۔ نئی نسل نے دنیا کے ٹاپ کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کبھی کھیلتا نہیں دیکھا ہے۔ یہ ایک بہترین اقدام ہے اس سے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں میں کھیل کا جذبہ پیدا ہوگا۔ منصور احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کو اچھے گول کیپرز کی اشد ضرورت ہے ، آج کے جدید دور میں گول کیپنگ کا شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جس پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ میں ہمارے اس شعبہ میں شدید کمی محسوس کی گئی ہے۔ ڈیفنس لائن اور گول کیپر میں کوئی تال میل نہیں تھا جس کی بنا پر پاکستان ٹیم کو زیادہ گول ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دو ماہ میں اس شعبہ کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا ہے اس کے لیے تھوڑا وقت درکار ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دو سالوں میں ڈومیسٹک ہاکی پر جس طرح توجہ دینا شروع کی ہے امید ہے کہ تین چار سالوں میں پاکستان ہاکی اپنے پاوں پر کھڑا ہونا شروع ہو جائے گی۔ منصور احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرح پاکستان ہاکی کو بھی لیگ کی اشد ضرورت ہے جس سے ہمارا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ فیڈریشن اس کے لیے کوششیں کر رہی ہے جسے سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔