تھارو مینگل گوٹھ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر خوش آئند ہے: مجید بروہی

05 ستمبر 2017

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) ملک کے معروف فزیکل ٹرینر اور قومی باکسنگ ٹیم کے سابق چیف کوچ مجید بروہی نے گلشن معمار کے ٹھارو گوٹھ میں نو تعمیر شدہ بلاول بھٹو زرداری کرکٹ اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کمیٹی اور مینگل کرکٹ کلب کے سرپرست اعلیٰ محمد مرزا مینگل نے قومی کوچ کو کرکٹ اسٹیڈیم میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بریف کیا۔ نو عمر باکسر مزمل بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مجید بروہی نے کہا کہ کراچی کے ایک دیہی علاقے میں ایک بہترین اور سہولیات سے آراستہ اسٹیڈیم کی تعمیر خوش آئند ہے امید ہے حکومت سندھ ٹھارو گوٹھ کے نوجوانوں کی صحتمند سرگرمیوں کے سلسلے میں اس اسٹیڈیم کے اطراف جاکنگ ٹریک کو جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم میں فٹنس سینٹر کے قیام کو بھی عملی جامہ پہنائے گی۔ محمد مرزا مینگل نے بتایا کہ اس اسٹیڈیم کی تعمیر سے اس قدیم گوٹھ کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ علاقے کے دیگر نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹبال اور دیگر ان ڈور گیمز کی سہولیات بھی نوجوانوں کو فراہم کریں۔ سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ کوچ اور سابق انٹر نیشنل باکسر مجید بروہی نے مینگل کرکٹ کلب کے سربراہ کو اپنی جانب سے ہر ممکن ٹیکنیکل مدد کی یقین دہانی کی اور کہا کہ وہ علاقے کے نوجوانوں کی فزیکل فٹنس کے سلسلے میں جلد اس اسٹیڈیم میں فٹنس کیمپ لگائیں گے۔