میانمارمیں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ آج ہو گا

05 ستمبر 2017

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے برما میں بدھسٹ دہشت گردوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آج شام پانچ بجے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ، احتجاجی مظاہرے میں دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے رہنما ، جماعۃ الدعوۃ کے رہنما خطاب کریں گے جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن نے کہا کہ اس مظاہرے کا مقصد ہے کہ دنیا ئے کفر کو مضبوط پیغام دیا جاسکے کہ مظلوم برمی مسلمان اکیلے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، برما میں ہونے والے مظالم پرپوری مسلم امہ شدید صدمہ سے دوچار ہے۔مسلمانوں کو آزادیاں اتحادو یکجہتی اور قربانیوں و شہادتوںسے ملیں گی۔ برما میں نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔بچوں،بوڑھوں اور خواتین سمیت ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا جا چکاہے۔ مساجدومدارس کونشانہ اور مسلمانوں کی بستیوںکو راکھ کا ڈھیر بنایا جارہا ہے۔انتہائی افسوسناک بات ہے کہ مظلوم برمی مسلمانوں پر ہونے والے بدترین مظالم پر جہاں اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل اور دیگر حقوق انسانی کے عالمی اداروںنے مجرمانہ خاموشی اختیارکررکھی ہے وہاں مسلم حکمرانوں کے کانوں پر بھی جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوںنے کہاکہ برما کے مسلمانوں کا ایک مدت سے استحصال کیا جارہا ہے، مسلمانوں کے خلاف عالمی پروپیگنڈے سے فائدہ اٹھا کر متعصب بدھسٹ برما سے مسلمانوں کا صفایا کرنا چاہتے ہیں۔ اراکان برما کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی دلانے کیلئے پاکستان کی تمام جماعتوں کو متحد کرنا ضروری ہے۔ مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔