اسلام آباد کے 107 سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنانے کا 80 فیصد کام مکمل
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل) اسلام آباد کے 107سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنانے کا 80فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے لئے 98ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دے دی گئی ہے جو اساتذہ کو آئی ٹی کے حوالے سے تربیت دیں گے،ذرائع کے مطابق سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنانے کامنصوبہ گرمیوں کی چھٹیوں میں مکمل ہوناتھا جو تاخیر کا شکا ر ہو گیا ہے ۔وفاقی نظامت تعلیمات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آ باد کے سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے، سکولوں میں آئی ٹی لیز بنانے کا منصوبہ یو ایس ایف اور وزارت کیڈ کا مشترکہ منصوبے ہے جبکہ وزارت آئی ٹی اس منصوبہ کی نگرانی کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر 107سکولوں میں آئی ٹی لیب بنائی جا رہی ہیں اس کے بعد اسلام آباد کے تمام سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب بنائی جائیں گی، 107سکولوں میں آئی ٹی لیب بنانے کے حوالے سے 80فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے لئے 98 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دے دی گئی ہے جو اساتذہ کو آئی ٹی کے حوالے سے تربیت دیں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنانے کامنصوبہ گرمیوں کی چھٹیوں میں مکمل ہوناتھا جو تاخیر کا شکا ر ہو چکا ہے ۔