بے مثال قربانی ابراہیمؑ کی سنت قیامت تک اداکی جاتی رہے گی، بشارت امامی

05 ستمبر 2017

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ضلع اسلام آباد کے صدر علامہ بشارت حسین امامی نے کہا ہے کہ تاریخ بشری ایثار و قربانی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے لیکن جو قربانی خلیل اللہ حضرت ابراہیم ؑ خوشنودی خدا کیلئے بجالائے وہر دور میں بے نظیر و بے مثل اور لازوال ہے اسی لئے اس کوفدیناہ بذبح عظیم گردانا گیا جب تک یہ دنیا قائم ہے اس قربانی کی سنت ادا کی جاتی رہیگی نواسہ رسول معظم ؐ امام حسین ؑ نے کربلا کے دشت میں اپنے جد ابراہیمؑ کی سنت کو معراج عطاکی ۔جامع مسجد قصر خدیجہ الکبریٰ ترلائی کلاں میں نماز عیدالاضحی کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کشمیروفلسطین ، یمن،بحرین ،میانمار،قطیف ،العوامیہ اور شام سمیت مختلف ممالک میں جاری ظلم و جبر کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کو سوالیہ نشان اور لمحہ فکریہ قراردیا۔ درایں اثنا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جامع مسجد جعفریہ آئی نائن میں علامہ گفتار صادقی ،قصر امام موسیٰ کاظم آئی ٹن میں علامہ تصور حسین نقوی،جامع مسجدظہور جی سیون ٹو میں علامہ شہزاد حسین سندی نے نماز عیدالاضحی پڑھائی اور اجتماعات سے خطاب کیا۔