پاکستان اور ورلڈ الیون کی سیریز، ٹکٹوں کی فروخت جاری

05 ستمبر 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 11 سے 15 ستمبر تک کھیلی جانے والی تین میچوں کی سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا عمل جاری ہے۔ آزادی کپ سیریز کے لیے چار کیٹگریز کے ٹکٹ رکھے گئے ہیں جن میں جنرل سٹینڈ کے 500 روپے کے، پریمیم انکلوژر کے 25 سو روپے، فرسٹ کلاس انکلوژر کے 4 ہزار، وی آئی پی انکلوژر کے 6 ہزار جبکہ وی وی آئی پی انکلوژر کے لیے 8 ہزار روپے مالیت کے ٹکٹ رکھے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی جانب سے 15 ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ میں زیادہ دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔ تینوں میچوں کے لیے 500 روپے والے سعید انوار اور سرفراز احمد انکلوژر کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں جبکہ 12 ستمبر کو کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت انتہائی کم نظر آئی ہے۔جس کے مطابق ڈھائی ہزار روپے مالیت والے حنیف محمد انکلوژر کے تاحال 10 فیصد ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں اسی طرح امتیاز احمد انکلوژر کے 25 فیصد، انضمام انکلوژر کی 15 فیصد، نذر محمد انکلوژر کے 5 فیصد، ظہیر عباس انکلوژر کے 75 فیصد، اے ایچ کاردار اور عبدالقادر انکلوژر کے 60 فیصد، جاوید میانداد انکلوژر کے 50 فیصد، ماجد خان انکلوژر کے 45 فیصد، راجہ، سعید احمد اور فضل محمود انکلوژر کے 50 فیصد، عمران خان انکلوژر کے 60 فیصد، وقار یونس انکلوژر کے 25 فیصد جبکہ وسیم اکرم انکلوژر کے صرف 10 فیصد ٹکٹ چار روز میں آن لائن فروخت ہو سکے ہیں۔ 13 ستمبر کو کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں شائقین کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جس میں 2500 روپے مالیت ٹکٹ والے حنیف محمد انکلوژر کے 80 فیصد، امتیاز احمد انکلوژر کے 95 فیصد، انضمام انکلوژر کے 90 فیصد، نذر محمد انکلوژر کے 95 فیصد، ظہیر عباس انکلوژر کے 90 فیصد ٹکٹ فروخت ہوئے۔ اسی طرح چار ہزار روپے مالیت والے عبدالقار، راجہ اور سعید احمد انکلوژر کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ اے ایچ کاردار کے 65 فیصد جبکہ جاوید میانداد انکلوژر کے پچاس فیصد ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ 6 ہزار روپے مالیت کے 2 وی آئی پی انکلوژر میں سے فضل محمود کے 50 فصید اور عمران خان انکلوژر کے 45 فیصد ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ 8 ہزار روپے مالیت کے ٹکٹ بھی 2 وی وی آئی پی انکلوژر کے رکھے گئے ہیں جن میں سے وقار یونس انکلوژر کے 65 فیصد اور وسیم اکرم انکلوژر کے 50 فیصد ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ 15 ستمبر کو سیریز کے آخری میچ کے آن لائن ٹکٹ کی 80 فیصد فروخت مکمل ہو چکی ہے جس میں چار ہزار اور 6 ہزار والے اکثر انکلوژر کے ٹکٹ سو فیصد فروخت ہو چکے ہیں۔ 8 ہزار روپے مالیت کے وقار یونس انکلوژر کے 80 فیصد اور وسیم اکرم انکلوژر کے 45 فیصد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔