ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

05 ستمبر 2017

لاہور+اسلام آباد (اے پی پی) ملک بھر میں عیدالاضحی ہفتہ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ملک کے تمام شہروں ، قصبوں اور دیہات کی مساجد ، امام بارگاہوں،عیدگاہوں اورکھلے مقامات میں عید کے اجتماعات ہوئے، لاکھوں فرزندان اسلام نے سنت ابراہیم کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے۔علماءکرام اور خطیبوں نے اپنے خطبات میں قربانی اور ایثار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر ملک کی ترقی ،خوشحالی اور امن واستحکام، امن کے اتحاد اور مسائل کے حل، فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اسلام آباد میں نماز عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں وفاقی وزراءوزرائ، وزیراعظم کے مشیروں، سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان، اعلیٰ افسروں اور ہزاروں کی تعداد میں عوام نے عید کی نماز ادا کی۔ لاہور مےں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔پنجاب کے گورنر ملک رفیق رجوانہ نے گورنر ہاﺅس لاہور اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جاتی امراءمیں عید کی نماز ادا کی۔خیبرپی کے اور فاٹا میں دوسو سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔خیبرپی کے میں عید کا بڑا اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پشاور میں ہوا۔خیبرپی کے کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے گورنر ہاﺅس پشاور اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے آبائی شہر ضلع نوشہرہ میں عید کی نماز ادا کی۔بلوچستان میں سینکڑوں مساجد، پارکوں اور کھلی جگہوں میں عید کی نماز ادا کی گئی۔نماز عید کا مرکزی اجتماع عید گاہ طوغی روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔آزاد جموں و کشمیر میں عید کا مرکزی اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا جہاں آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے نماز عید ادا کی۔ جبکہ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے اپنے آبائی علاقے کوٹ مٹھی خان روالاکوٹ میں عید کی نماز ادا کی۔ عید کی نماز اداکرنے کے بعد اہل ایمان نے سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کی۔ اس موقع پر وفاقی اورصوبائی حکومتوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے ملک بھر میں سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے ۔ مختلف شہروں کی انتظامیہ نے عید کے تین دنوں کے دوران آلائشیں ٹھکانے لگانے کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ریڈیو ٹی وی اور دیگر نشریاتی اداروں نے عیدالاضحی کی مناسبت سے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ،جبکہ اخبارات میں قربانی کے فضائل اور احکامات کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن شائع کئے گئے۔