شریف فیملی، اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس پرسوں دائر ہونگے، منظوری کیلئے نیب بورڈ کا اجلاس کل طلب

05 ستمبر 2017

اسلام آباد (نامہ نگار) نیب نے شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کی منظوری کےلئے نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل 6 ستمبر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے‘ چاروں ریفرنسز منظوری کے بعد پرسوں 7 ستمبر کو نیب عدالتوں میں دائر کر دئیے جائیں گے۔ شریف خاندان کے خلاف تین جبکہ اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس کی منظوری دی جائے گی۔ نیب ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس کی منظوری ہو گی۔ نوازشریف‘ حسن نواز‘ حسین نواز اور مریم نواز کے خلاف پارک لین‘ آف شور کمپنیوں اور عزیزیہ سٹیل ملز ریفرنسز جبکہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ دو ریفرنسز راولپنڈی جبکہ دو لاہور کی احتساب عدالتوں میں دائر کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پراسیکیوٹر جنرل‘ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز‘ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ ریفرنس نیب لاہور اور راولپنڈی نے بھجوائے ہیں۔