مسلم لیگ ن کا ایجنڈا ترقی ہے‘ این اے 120 میں انتخابی مہم مزید تیز کی جائے: مریم نواز

05 ستمبر 2017

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) مریم نواز کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں این اے 120کے انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ این اے 120 میں بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ این اے 120 میں انتخابی مہم مزید تیز کی جائے۔ اجلاس میں حلقے میں انتخابی ریلیوں اور جلوسوں کے شیڈول کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حلقے سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا ہے کہ کارکن این اے 120کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے دن رات ایک کر دیں، مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ملک و قوم کی ترقی ہے جبکہ ہمارے مخالفین اس کے برعکس رکاوٹیں ڈالنے کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں جس سے قوم بخوبی آگاہ ہے۔ اس موقع پر این اے 120کے ضمنی انتخاب کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ این اے 120کے ایک ایک گھر اور گلی گلی جائیں گے ۔ انشاء اللہ جیت مسلم لیگ (ن) کا مقدر ہے اور مخالفین بھی اس سے آگا ہ ہیں۔ عوام باشعور ہیں اور وہ 17ستمبر کو ملک کیخلاف سازشوں میں مہرے بننے والوںکو ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں گے۔مریم نواز نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ خواتین مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں۔ ہر خاتون کلثوم نواز بن کر این اے 120 میں قائد کا پیغام پہنچا رہی ہے۔