عید کے ایام میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی جاری
لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال/ سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چارسدہ (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران + ایجنسیاں) عید کے تینوں روز ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ کبھی موسلادھار اور کبھی آہستہ آہستہ رم جھم کرتی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا جس کے باعث شہری عید کی چھٹیوں میں خوب لطف اندوز ہوئے۔ دوسری طرف بعض شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ ساہیوال اور گردونواح میںایام عید کے دوران وقفہ وقفہ سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم نکاسی آب کے ناقص نظام کی بدولت گلیاں دریائوں کا نقشہ پیش کرتی رہیں اور نشیبی علاقوں سے پانی نہیں نکالا جا سکا، تیز بارشوں کی وجہ سے لوگوں کو نماز عید کی ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ گوجرانوالہ اور گرد و نواح میں عید کے تیسرے روز موسلادھار بارش، موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ کیچڑ اور بارشی پانی سے قربانی کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ عید کے تیسرے دن سوموار کی صبح ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ ہی موسلا دھار برش شروع ہوگئی، ایک گھنٹہ کی بارش نے پورے شہر میں جل تھل کردیا۔ ساہیوال میں عیدالاضحی کے موقع پر طوفانی بارش سے بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور دھماکوں سے چھ ٹرانسفارمر جل گئے۔ سنٹر جیل ساہیوال، آفیسر کالونی، فرید ٹائون، سکیم نمبر تین، ڈی پی او روڈ کے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عید، ٹرو اور مرو کے ایام میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا رکھا، عید اور اسکے اگلے دور روز تین، تین گھنٹے لگاتار بجلی کی بندش کے باعث کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا اور لوگ خوشی کے ان مخصوص ایام میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر فیسکو اور حکومت کو کوستے رہے۔ علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ بے قابو رہی، دیہاتوں اور شہروں میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کئی علاقوں میں 2، 2 گھنٹے بجلی بند رہی۔ شیخوپورہ میں بجلی کے ساتھ ساتھ گیس کی بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کردیں۔ بجلی کی بندش کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ ادھر چارسدہ کی تحصیل تنگی کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے عیدالاضحی پر طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ کیا۔ مشتعل شہریوں نے ایم پی اے خالد جان اور تحصیل ناظم کی قیادت میں مقامی گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول کر فرنیچر توڑ پھوڑ دیا، ریکارڈ کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے احتجاجی ریلی بھی نکالی۔