خوش خوراک لاہورئیے عید پر ’’کھابوں‘‘ سے بدہضمی کا شکار، 6 ہزار ہسپتالوں میں پہنچ گئے

05 ستمبر 2017

لاہور (کامرس رپورٹر) عید کے دنوں میں بسیار خوری کے باعث 6ہزار افراد شہر کے چھ بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بڑی عید کھابہ مریضوں پر بھاری رہی۔ ڈاکٹروں نے عید کے دنوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی محکمہ صحت کی ہدایات کو بھی نظرانداز کر دیا۔ ہسپتالوں میں آئے فوڈ پوائزننگ اور ٹریفک حادثات کے چھ ہزار مریضو ں کو علاج معالجے کے حوالے سے سینئرز ڈاکٹرز کی کمی کے باعث بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ کھانے پینے میں بے اعتدالی کے باعث سب سے زیادہ مریض میؤہسپتال میں لائے گئے۔ جنرل ہسپتال، سرگنگارام، جناح ہسپتال، سروسز ہسپتال، شیخ زاید ہسپتال میں ہزاروں کی تعداد میں مریض لائے گئے ہیں۔