قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنیوالی کالعدم تنظیموں کیخلاف گرینڈ آپریشن، 103 گرفتار
لاہور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+خبرنگار) لاہور پولیس نے عید کے دنوں میں غیر قانونی طور پرکھالیں اکٹھی کرنے والی کالعدم تنظیموں کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری رکھا اور شہرکے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 103 افراد کوحراست میں لے کر انکے خلاف 73 مقدمات درج کرلئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کھالیں جمع کر نے پر دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ گرفتار افراد کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے عیدالاضحی سے پہلے 65کالعدم تنظمیوں کی فہرست جاری کردی تھی۔ ذرائع کے مطابق بعض کالعدم تنظیموں نے شہرکے مختلف علاقوں میں نام بدل کرکھالیں اکٹھی کرنے کے کیمپ لگارکھے تھے۔