عید کے دنوں میں سبزی اور پھل فروشوں کی چاندی‘ دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے

05 ستمبر 2017

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں عید الاضحی کے دوران پرچون سطح پر سبزیوں اور پھلوں کی کھلے عام گراں فروشی کی گئی، حکومتی اداروں کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کے لئے موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث دکانداروں نے عید کے دوران صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ عید سے ایک روز قبل پیاز کی فی کلو سرکاری قیمت 50روپے مقرر تھی اور عید پر دکانداروں نے ایک کلو پیاز 120روپے تک فروخت کیا۔ لہسن دیسی کی قیمت عیدسے ایک روز قبل 116 روپے تھی اور عید کے دوران ایک کلو دیسی لہسن 200 روپے تک فروخت کیا گیا،لہسن چائنہ کی قیمت 131روپے تھی مگر عید پر 250روپے تک فروخت کیا گیا، ادرک چائنہ 227روپے تک فروخت کیا گیا جس کی قیمت عید سے ایک روز قبل 156روپے تھی ، ایک کلو ٹماٹر 200 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی قیمت عید سے ایک روز قبل 53روپے تھی، کریلے 100روپے تک فروخت کیے گئے جن کی ایک روز قبل قیمت 53روپے تھی، لیموں دیسی 250 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل 106 روپے تھی، سبز مرچ ڈیڑھ سو روپے تک فروخت کی گئی جس کی فی کلو قیمت ایک روز قبل 42روپے تھی ، شملہ مرچ 135روپے تک فروخت کی گئی جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 53روپے تھی۔ پودینے کی گھٹی 20روپے تک فروخت کی گئی جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 5سے 10روپے تھی ۔اسی طرح پھلوں میں ایک کلو سیب گولڈن 125روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 53روپے تھی ، سیب کالا کولو پہاڑی 190روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 74روپے تھی، کیلا اول درجن 100روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 69روپے تھی، آڑو اول 200روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 116روپے تھی ، انگور کالا 225 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 140روپے تھی ، گرما 70 روپے فی کلو تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 35روپے تھی ، آم چونسا کالا 175 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 95روپے تھی۔عید کے موقع پر بیکریوں پر 2پائونڈ کیک کی قیمت 550روپے رہی جبکہ خمیری روٹی اور نان 10روپے میں فروخت ہوئے۔