خیبر پی کے: ڈینگی سے مزید 3 افراد جاں بحق‘ ہلاکتیں 15 ہو گئیں‘ 406 مریض زیر علاج

05 ستمبر 2017

پشاور(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس سے مزید 3افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 2 خواتین شامل ہیں جن کا تعلق تہکال اور حویلیاں سے تھا۔ جس کے ساتھ صوبہ بھر میں ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15ہوگئی ہے، ڈینگی رسپانس یونٹ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوران ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 3افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 15ہوگئی ہے جبکہ کل شام تک صوبہ کے مختلف ہسپتالوں میں 1558 افراد کا ڈینگی کے شبہ میں ٹیسٹ کیا گیا جن میں 292افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی تاہم ان میں 135افراد کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے ۔ رسپانس یونٹ کے مطابق 55افراد کو صحت یابی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ 406افراد تاحال مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔