پاکستان کو نظریاتی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونے دینگے: رہنما ملی مسلم لیگ

05 ستمبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار)ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، امیدوار این اے120محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ ہم عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ پاکستان کو نظریاتی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ ہم حلقہ این اے 120میں نظریہ پاکستان کا معرکہ سمجھ کر میدان میں اترے ہیں۔ 17ستمبر کواہل لاہور کے تعاون سے ضمنی انتخاب جیتیں گے۔ این اے 120کے رہائشی افراد کو بہت سے مسائل درپیش ہیں۔ ہم لوگوں کے مسائل کا حل ان شاء اللہ خدمت انسانیت کا فریضہ سمجھ کر کریں گے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی کے اجتماعات اور بعد ازاں حلقہ این اے120کے وفود سے ملاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حلقہ این اے 120سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ نے اسلام پورہ میں نماز عید کی امامت کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد محمد یعقوب شیخ شہریوں میں گھل مل گئے اور عید ملتے رہے۔اس دوران شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انہیں سترہ ستمبر کو ووٹ دینے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ ملی مسلم لیگ کی جانب سے عیدا لاضحی کے موقع پر این اے120کے علاقوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ خدمت کے جذبے سے میدان سیاست میں آئی ہے۔ہمارا مقصد کرسی نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ این اے 120میں لوگوں کو صاف پانی میسر نہیں۔گندے پانی سے وبائی امراض پھیل رہی ہیں۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ہم عوام کے مسائل حل کریں گے اور انکی دہلیز پر سہولیات دیں گے۔