امریکی صدر ٹرمپ نے کین جسٹر کو بھارت میں نیا سفیر نامزد کر دیا
واشنگٹن(این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کین جسٹر کو بھارت میں نیا امریکی سفیر نامزد کر دیا ہے جو جلد نئی دہلی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کین جسٹر کو بھارت میں امریکہ کا نیا سفیر مقرر کیا اور وہ نئی دہلی جاکر جلد عہدہ سنبھال لیں گے۔ اس سے قبل بھارت میں امریکہ کے سفیر رچرڈ ورما تھے جنہیں سابق امریکی صدر باراک اوباما نے مقرر کیا تھا تاہم وہ گزشتہ برس نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے اور تب سے یہ اہم عہدہ خالی تھا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ کین جسٹر بھارت امریکہ تجارتی تعلقات کے ماہر ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے دفاعی و ٹیکنالوجی معاہدوں میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے بھی کین جسٹر کی نامزدگی کی تصدیق کر دی ۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کین جسٹر اس وقت وائٹ ہاؤس میں نیشنل اکنامک کونسل کے ڈائریکٹر ہیں اور سینیٹ کی منظوری کے بعد وہ بھارت میں امریکی سفیر تعینات ہو جائیں گے۔وائٹ ہاؤس نے جرمنی، انگولا، زیمبیا، کروشیا اور سوئٹزرلینڈ کے لیے بھی نئے امریکی سفیروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی میں نئے امریکی سفیر کے لیے رچرڈ گرینیل کو نامزد کیا گیا ہے۔