میں رہوں یا نہ رہوں عوام نے بلاول، آصفہ اور بختاور کا ساتھ دینا ہے: آصف زرداری

05 ستمبر 2017

ملتان/ نواب شاہ+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) زرداری ہائوس میں تقریب ہوئی جس میں آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تقریب میں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر زرداری نے نواب شاہ کی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے کہا کہ پی پی نے ہمیشہ لوگوں کو روزگار دیا میں رہوں یا نہ رہوں آپ لوگ بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو اور بختاور کا ساتھ دینا۔ سی پیک ہماری وجہ سے پاکستان میں آیا ہے۔ نواز شریف کی حکومت کبھی نہیں آئی لائی گئی ہے۔ نواز شریف نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔ نواز شریف اقتدار میں آ کر سب بھول جاتے ہیں۔ عوام تیاری کریں۔ 2018ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہو گی۔ ڈسٹرکٹ کونسلر ملیر چیئرمین سلمان مراد سے گفتگو میں زرداری نے بے نظیر بھٹو کے مقدمہ قتل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ زرداری نے کہا کہ ملیر میرا حلقہ ہے میں ملیر کے عوام کی محبت نہیں بھولا جلد ملیر آئوں گا۔ نثار کھوڑو، ناصر شاہ سے گفتگو میں زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اور اس سے پہلے مخالفین کو بڑے سرپرائز دیں گے۔ 2013ء کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف سازش ہوئی۔ جمہوریت کیلئے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا۔ اس بار الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے اور ہر حلقے میں ووٹ کیلئے جنگ لڑیں گے اور نتائج سامنے آنے تک پولنگ سٹیشنز سے نہیں ہٹیں گے۔