لاہور کے مختلف علاقوں میں 2 پیر‘ نوجوان قتل‘ 7 افراد کی پراسرار موت

05 ستمبر 2017
لاہور کے مختلف علاقوں میں 2 پیر‘ نوجوان قتل‘ 7 افراد کی پراسرار موت

لاہور + فیروزوالا (نامہ نگاران +سٹاف رپورٹر) بادامی باغ اور شاہدرہ ٹاؤن کے علاقوں میں دوافراد کو قتل کر دیا گیا ہے۔ دونوں افراد پیری مریدی کرتے تھے۔ پولیس نے دونوں نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا کر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محمدیہ کالونی کچی آبادی بادامی باغ میں 60سالہ صادق علی پیری مریدی کرتا تھا اور اس نے اپنے گھر میں ہی آستانہ بنا رکھا تھا۔ چاند رات کو 3 مرید اس کے گھر آئے جو صادق کو حجرے میں لے گئے۔ اہلخانہ عید کی نماز پڑھنے کے لیے پیر صادق کو جگانے آستانے میں داخل ہوئے تو وہاں صادق کی خون میں لت پت نعش فرش پر پڑی تھی۔ انہوں نے پولیس کو اطلاع کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں شاہدرہ ٹاؤن میں دم درود کرنے والے 50سالہ یونس شاہ کی نعش بند روڈ شاہدرہ کے ایک دربار سے ملی ہے ۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ یونس کو نامعلوم افراد نے زہر دے کر قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر اصل حقائق سامنے آئیں گے جس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ مصری شاہ کے علاقے میں عید کے روز کرنٹ لگنے سے 4بچوں کی ماں ہلاک ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سلطان پورہ احاطہ بخش رام کی رہائشی اللہ رکھی عید کے روز پنکھے چلانے کے دوران سوئچ بورڈ سے کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئی او ر خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ عید کے دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں 7 افراد پراسرار طورپر ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں۔ مکمل ہونے پر سامنے آسکیں گی۔ معلوم ہوا ہے کہ باٹاپور کے علاقہ سے 33 سالہ جلی ہوئی نعش ملی ہے۔ بھاٹی کے علاقہ سے 25 سالہ اور 38 سالہ 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ شفیق آباد کے علاقہ سے 28 سالہ‘ تھانہ نولکھا کے علاقہ میں 32 سالہ‘ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں 22 سالہ اور گجرپورہ کے علاقہ میں 27 سالہ شخص کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ان کی موت کی وجوہات معلوم ہو سکیں گی۔ ڈیفنس اے کے علا قہ میںنشے میں دھت کار سوار تین دوستوں میں جھگڑے کے دوران ایک دوست کی فائرنگ سے 37سالہ دوست ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا37سالہ علیم لیاقت، کرنل (ر) لیاقت جبکہ زخمی عباس آزاد، میجر (ر) آزاد کا بیٹا ہے۔ ملزم شیخ ماجد خلیل کا بھائی میجر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں دوست علیم، عباس آزاد اور شیخ ماجد ڈیفنس موڑ پر گاڑی میں بیٹھے شراپ پی رہے تھے ان میں کسی لڑکی کے چکر پر جھگڑا ہو گیا۔ جس پر شیخ ماجد خلیل نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر علیم لیاقت موقع پر ہی ہلاک جبکہ عباس آزاد شدیدزخمی ہو گیاہے۔ ملزم شیخ ماجد خلیل موقع سے فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے مقتول علیم کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی جبکہ زخمی عباس آزادکو سی ایم ایچ ہسپتال داخل کرا دیاگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثاء نے تاحال مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست نہیں دی ہے۔ ان کی جانب سے درخواست ملنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

آئین سے زیادتی

چلو ایک دن آئین سے سنگین زیادتی کے ملزم کو بھی چار بار نہیں تو ایک بار سزائے ...