انصاف کی فراہمی کیلئے جیلوں کے دورے کئے جاتے ہیں‘مشتاق لغاری

05 ستمبر 2017

کراچی(وقائع نگار) انصاف کی فراہمی نچلی سطح تک پہنچانے کیلئے جیلوں کے دورے کئے جاتے ہیں ، قیدی اپنے مقدمات میں حائل رکاوٹوںسے آگاہ کریں تو اس پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ یہ بات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر مشتاق احمدلغاری نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے دورے کے موقع پر قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔جوڈیشنل مجسٹریٹس آصف رضا میر، غلام اکبر، اسسٹنٹ کمشنر مشتاق احمد جتوئی، سائبان انٹر نیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین مراد خان آفریدی اور جنرل سیکریٹری حیدر علی حیدر ان کے ہمراہ تھے۔ مشتاق احمد لغاری نے کہا کہ انہیں قیدیوں سے ذاتی طور پر ان کے بیرکوں میں جاکر ملاقات کرنے میں خوشی ہوتی ہے جہاں قیدی ان سے براہ راست گفتگو کرتے ہیں اور اپنے مقدمات میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہیں۔ اس موقع پر متعدد قیدیوں نے ڈسٹرکٹ جج کو بتایا کہ اے ڈی جے 2ملیر کورٹ جج کے نہ ہونے کی وجہ سے خالی ہے جس کے باعث وہ پریشان ہیں مقدمات تعطل کا شکار ہیں ۔