گارڈین کورٹس کے احکامات، عید پر 70 سے زائد والدین کی بچوں سے ملاقات

05 ستمبر 2017
گارڈین کورٹس کے احکامات، عید پر 70 سے زائد والدین کی بچوں سے ملاقات

لاہور( شہزادہ خالد) گارڈین کورٹس میں عید کے تینوں روز 70 سے زائد ناراض والدین نے اپنے بچوں سے ملاقات کی۔ بچوں سے ملاقات کے وقت جذباتی مناظر نے ہر آنکھ اشکبار کر دی۔ والدین بچوں کیلئے کھلونے، کپڑے، جوتے، آئس کریم ، چاکلیٹ و دیگر تحائف لے کر آئے۔ والدین کے مابین علیحدگی، مقدمہ بازی کی وجہ سے 100 سے زائد بچوں نے عید، ٹرو اور مرو کا دن گارڈین عدالتوں میں گزارا اور گارڈین عدالتوں کی زیر نگرانی والدین سے ملاقاتیں کرتے رہے، عید سے قبل 75 کے قریب والدین کی جانب سے گارڈین عدالتوں میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں کہ عید کے موقع پر بچوں سے ملاقات کی اجازت دی جائے جس پر گارڈین ججز نے عید کے موقع پر ملاقات کا شیڈول جاری کیا۔ بچوں سے ملاقات کے موقع پر والدین کے ہمراہ بچوں کے دیگر رشتہ دار بھی آئے اور بچوں کے کھلونے لائے۔ بچوں کی ملاقات کے دوران ہر طرف جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ گارڈین کورٹس میں بچوں کی حوالگی کے زیر سماعت مقدمات کے فریق والدین کی بڑی تعداد نے عید کے موقع پر بچوں سے ملاقات کے لئے فاضل عدالتوں میں درخواستیں دائر کی گئی جس میں بچوں کوعید کے تحائف دینے کے لئے 70کے قریب ناراض والدین نے گارڈین کورٹس میں اپنے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کے کپڑے، جوتے، کھلونے، کھانے پینے کی اشیاء دیں۔ عدالتوں کے باہر بھی شدید رش تھا۔